مخالفین زبان درازی کے ریکارڈ بنا رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

مخالفین زبان درازی کے ریکارڈ بنا رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کامیابیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 76 سالہ تاریخ میں کسی بھی حکومت نے اتنے منصوبے شروع نہیں کیے جتنے مریم نواز نے صرف ایک سال میں مکمل کر دیے۔

 ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی رہنمائی میں پنجاب حکومت نے ایک سال کے اندر کامیابیوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جبکہ اس دوران مخالفین صرف زبان درازی کے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے سیاست کو خدمت میں تبدیل کر کے نیا ٹرینڈ متعارف کروایا ہے، جو عوام کے لیے فائدہ مند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مختلف اسکیموں کی صورت میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جیسے الیکٹرک بائیکس، اسکالرشپس، لیپ ٹاپس اور آسان کاروبار کے لیے قرضے۔ ان کے مطابق، نوجوانوں کو پیٹرول بم، غلیلیں اور کیلوں والے ڈنڈے نہیں چاہیے، بلکہ وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے مدد چاہتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نوجوان نسل کے لیے ایک امید اور ایک آس بن کر آئی ہیں، اور ان کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عملی اقدامات کیے ہیں جو نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔