وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو نہ تو خط لکھنے سے کوئی ڈیل ملی ہے اور نہ ہی ملے گی۔ "جنہیں خط لکھ رہے ہیں، انہی کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلا رہے ہیں۔"عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے 50 کارکنوں نے لندن میں آرمی چیف کی آمد پر احتجاج کر کے غیر ملکی ایجنسیوں کا ایجنڈا پورا کیا۔ "یہ جماعت سمندر پار پاکستانیوں کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن ان کی کال کو اوورسیز پاکستانیوں نے مسترد کر دیا۔"انہوں نے مزید کہا کہ "نواز شریف اور مریم نواز پر بات کیے بغیر آج بھی تحریک فساد کی سیاست نامکمل ہے۔"پنجاب حکومت کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ "ان کے وکلا، فیملی اور پارٹی رہنما معمول کے مطابق ان سے ملاقات کر رہے ہیں۔"عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ "یہ جیل کو تفریحی پارک سمجھتے ہیں، جب دل چاہے، جس کا دل چاہے، منہ اٹھا کر پہنچ جائے، کوئی ضابطہ نہ ہو۔ جب ان کے پاس کچھ نہیں بچتا تو مظلومیت کارڈ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔"