لاہور پولیس نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیوں کے دوران دست درازی اور جنسی زیادتی کے مقدمات میں نامزد 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق رائیونڈ سٹی، مانگا منڈی، فیصل ٹاؤن، سندر اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ اس کے علاوہ ساندہ، ریس کورس، مسلم ٹاؤن، شادباغ اور مناواں پولیس نے بھی ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں دست درازی کے 9 اور جنسی زیادتی کے 3 مقدمات میں کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں عمل میں آئیں۔ سبزہ زار پولیس نے کمسن بچے سے مبینہ زیادتی کے الزام میں سبحان اور احمد نامی دو ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا۔
گرفتار ہونے والے دیگر ملزمان میں علی رضا، رفاقت، اسد نعیم، ارسلان، قدیر، نبیل، راحیل، محمد ادریس، عثمان، شہزاد اور اللہ رکھا شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ مقدمات میں قانونی کارروائی جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے جرائم کی روک تھام اور متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کرنا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔