اس سپر فوڈ کو دنیا بھر میں پہنچانے کا وقت آ گیا ہے، بجٹ میں مکھانا بورڈ کا قیام عمل میں لایاجائیگا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک اہم راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ سال کے 300دنوں میں سپر فوڈ قرار دی جانیوالی غذا پھول مکھانے کا استعمال کرتے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار میں پی ایم کسان سمان ندھی کی 19ویں قسط کے اجراء کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران مودی نے کہا کہ میں سال کے 365دنوں میں سے کم از کم 300دن پھول مکھانے کھاتا ہوں۔رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے پھول مکھانا کی اہمیت اور اسکی فصل کی پیداوار میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب مکھانا ملک بھر کے شہروں میں ناشتے کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے، یہ ایک سپر فوڈ ہے جسے بھارت عالمی منڈی لے کر جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اس سال کے بجٹ میں حکومت نے مکھانا بورڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔مودی کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام اس فصل کی افزائش میں اضافے، بڑھتی ہوئی مارکیٹ کی حکمتِ عملیوں اور بہار میں کسانوں کے روزگار کو معاون بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔مودی کا کہنا ہے کہ اب بہار کے پھول مکھانے کو دنیا بھر میں پہنچانے کا وقت آ گیا ہے۔