غزہ کے بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، عالمی قوانین کی پامالی اور فلسطینی عوام کیخلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتاہوں:وزیراعظم

خدمت، ترقی اور خوشحالی کا سفر تیز کیا جائیگا شہبازشریف
ضمنی انتخابات میں  کامیابی مسلم لیگ  ن  کی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر  عوام کا بھرپور اعتماد ہے‘ عوامی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے:وزیراعظم کا  تہنیتی  پیغام
غزہ میں خیموں کے زیرِ آب آنے، بے گھر فلسطینی بچوں کے بے یار و مددگار ہونے، شدید سردی اور بھوک کا سامنا کرنے کے دل دہلا دینے والے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں:وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان
اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی)  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب میں ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک کی کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے  ضمنی انتخابات میں عوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا  راشد بشیر ورک کی کامیابی پر قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا  اس کامیابی کا سہرا قائد محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی انتھک محنت کو جاتا ہے، جن کی کاوشوں اور عوامی خدمت کے جذبے کی بدولت مسلم لیگ (ن) ایک مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام حکومت کی پالیسیوں اور قیادت کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خدمت، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
دریں اثناء شہباز شریف نے غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنے کیلئے  اسرائیل کی جانب سے مسلسل غیر قانونی اقدامات پراظہار تشویش کیا ہے اور کہا ہے کہ  غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس پناہ کیلئے کوئی جگہ نہیں۔و زیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق  شہباز شریف نے کہا  غزہ میں خیموں کے زیرِ آب آنے، بے گھر فلسطینی بچوں کے بے یار و مددگار ہونے، شدید سردی اور بھوک کا سامنا کرنے کے دل دہلا دینے والے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ انسانی امداد کی فوری فراہمی میں اضافے کیلئے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔