شہری کی درخواست پر حکام نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کروالی
لاہور (پبلک نیوز)محتسب پنجاب کے احکامات پر عوامی شکایات کے فوری ازالے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی جس کے تحت 63 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا 15 مرلے رقبہ قبضہ مافیا سے واگزار کروا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہری نے محتسب پنجاب کے دفتر میں درخواست دائر کی تھی جس میں ناجائز قبضے کی نشاندہی کرتے ہوئے اراضی واگزار کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محتسب پنجاب نے متعلقہ صوبائی حکام کو ضروری قانونی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔حکام نے محتسب پنجاب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے نتیجے میں مذکورہ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی گئی۔ مارکیٹ ویلیو کے مطابق اس اراضی کی مجموعی مالیت 63 لاکھ روپے سے زائد ہے۔درخواست گزار نے بروقت انصاف کی فراہمی اور فوری داد رسی پر محتسب پنجاب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔