پنجاب میں کرپشن کیخلاف گرینڈآپریشن،گرفتاریاں‘ خفیہ سیل قائم ہیلپ لائن پراطلاع دیں، ہرشکایت پرکارروائی ہوگی:مریم نواز

نام خفیہ رکھا جائے گا،  عوام کی ایک اطلاع کرپشن اوررشوت خوری کا پورا نیٹ ورک بے نقاب کرسکتی ہے،لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی
 ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی بلڈنگ کی منظوری ، میڈیا کو واجبات کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات ‘ سچ اور جھوٹ کی پرکھ کیلئے عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے آگاہ رکھنے کی ہدایت
پنجا ب میں مویشیوں کی بہتر افزائش نسل سے دودھ اور گوشت کی پیداوار  بڑھائیں گے، لائیو سٹاک فارمرز کو دہلیز پر مویشیوں کے علاج کی سہولت فراہم کررہے ہیں: وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر )پنجاب حکومت نے کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کرتے ہوئے خفیہ سیل قائم کردیا، جبکہ وزیراعلی مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرفتاریاں بھی شروع ہوگئیں۔تفصیل کے مطابق پنجاب میں کرپشن کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے،اس سلسلے میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کرپشن، رشوت یااختیارات سیتجاوزکی اطلاع ہیلپ لائن پردیں،ہرشکایت پرکارروائی ہوگی جبکہ شکایت کنندہ کا نام خفیہ رکھا جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اوررشوت خوری کا پورا نیٹ ورک بے نقاب کرسکتی ہے،لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔وزیر اعلی پنجاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کرپشن پیسے ہی نہیں، عوام کے حق اوراعتماد کی چوری بھی ہے،ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے جدید مانیٹرنگ نظام استعمال ہوگا۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اس پرآنچ نہیں آنے دوں گی،ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزشفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئے تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔دریں اثناء وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں مریم نواز شریف نے ڈی جی پی آر کی ری سٹرکچرنگ کا حکم دے دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی بلڈنگ کی منظوری دی اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی، ڈی جی پی آر کی کارکردگی جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام تک بروقت اطلاعات کی رسائی یقینی بنانے کیلئے دور حاضر کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں، کمیونیکیشن آرٹ سے بڑھ کر سائنس بن چکی ہے، سمجھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں، اطلاعات کی فراوانی کے دور سے گزر رہے ہیں۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سچ اور جھوٹ کی پرکھ کیلئے عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے آگاہ رکھا جائے‘علاوہ ازیں پنجاب میں دیہات میں جاکر پہلی مرتبہ مویشیوں کے علاج معالجہ کے لئے مکمل موبائل ہسپتال فلیٹ کو فعال کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موبائل وٹرنری فلیٹ کا افتتاح کیا۔ خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹیٹ آف آرٹ موبائل وٹرنری ڈسپنسری،وٹرنری لیبارٹری اور ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا  پنجا ب میں مویشیوں کی بہتر افزائش نسل سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بڑھائیں گے۔ پنجاب کے لائیو سٹاک فارمرز کو گھر کے دہلیز پر مویشیوں کے علاج کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔