میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گولیمار کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہید شاہ نواز چوک گولیمار پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ چائے پی۔ اس موقع پر انہوں نے علاقے کے مسائل کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ گولیمار میں موجود آر او پلانٹ کی گنجائش کو بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ آر او پلانٹ کی گنجائش 50 ہزار گیلن ہے، جسے بڑھا کر 3 لاکھ گیلن تک کیا جائے گا تاکہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ گولیمار اور دیگر ملحقہ علاقوں میں صفائی کے انتظامات اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات کا عزم بھی ظاہر کیا کہ گولیمار اور رضویہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو فائدہ ہوگا۔میئر کراچی نے اس کے علاوہ گولیمار میں واقع شہید بے نظیر بھٹو فٹ بال گراؤنڈ اور پارک کی بحالی کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ سے سرسبز بنا کر جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ ضلع وسطی کے نوجوانوں کو کھیل و تفریح کی معیاری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات گولیمار اور ملحقہ علاقوں کی ترقی کے لیے اہم ہیں اور ان کے ذریعے علاقے کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جائے گی۔