اٹھارویں ترمیم میں بہتری کے لیے آئین میں گنجائش موجود ہے:رانا ثنا اللہ

اٹھارویں ترمیم میں بہتری کے لیے آئین میں گنجائش موجود ہے:رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم اتفاقِ رائے سے منظور ہوئی تھی، مگر اسی اتفاقِ رائے کے ذریعے اس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آئین کا پورا ڈھانچہ اصلاح کی اجازت دیتا ہے اور اس معاملے پر سنجیدہ گفت و شنید ضروری ہے۔گل پلازہ کراچی میں آتشزدگی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ پلازہ کی اضافی منزلوں کی منظوری کس نے دی اور یہ تعمیرات کب ہوئیں۔ واقعے میں ذمہ داران کا احتساب ناگزیر ہے۔پی ٹی آئی سے متعلق انہوں نے کہا کہ عمران خان ماضی میں ہر ملاقات کو ریاست اور اداروں کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں، اسی لیے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقاتوں کا باقاعدہ طریقہ کار طے کر دیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد اب اس معاملے میں ابہام نہیں رہنا چاہیے۔

ضلعی حکومتوں کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے ضلعی حکومتوں کو بااختیار بنانا آئینی تقاضا ہے، اور جب تک اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوں گے، عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ اسمبلی میں ہر رکن کو اظہارِ رائے کا حق حاصل ہے اور خواجہ آصف کی رائے ذاتی تھی، جو پارٹی پالیسی کی نمائندہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی رائے کو ذاتی ہی رہنا چاہیے۔