کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس میں شہریوں کو مون سون بارش کے دوران صبر کا مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے تمام نالوں کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے اور واٹر سیوریج کی 120 گاڑیاں فیلڈ میں متحرک ہیں۔
میئر نے کہا کہ گجر نالہ، اورنگی نالہ، محمود آباد سمیت دیگر اہم نالوں پر صفائی اور اضافی پمپس لگائے گئے ہیں تاکہ پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہو۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ بارش کے دوران دو سے ڈھائی گھنٹے تک باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ ٹریفک جام اور افراتفری سے بچا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ سمندر کی سطح بلند ہے اور ہائی ٹائیڈ کے دوران پانی کا نکاس متاثر ہو سکتا ہے، تاہم انتظامیہ اور بلدیاتی عملہ ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ ریلیف کے لیے خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور شہریوں کو پانی و بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔میئر نے مزید کہا کہ شہر میں تمام ترقیاتی کام شفاف طریقے سے ہوں گے اور کسی بھی ادارے کو بغیر مشاورت یا منظوری کے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کی حفاظت اور پانی کی نکاسی اولین ترجیح ہے۔