پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ملٹری کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملٹری کورٹ کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے اور یہ اپیلیں انفرادی طور پر بھی دائر کی جائیں گی۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کو چاہیے کہ ملٹری ٹرائل کے حوالے سے جلد فیصلہ کرے اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ ان واقعات کی مکمل اور آزاد تحقیقات کی جائیں تاکہ سچ سامنے آ سکے۔خیال رہے کہ سانحۂ 9 مئی میں ملوث مزید مجرمان کو سزائیں دی گئیں ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث 60 افراد کو سزائیں سنائی ہیں۔ ان میں حسان خان نیازی کو 10 سال قیدِ بامشقت، میاں عباد فاروق کو 2 سال قیدِ بامشقت، رئیس احمد کو 6 سال قید، اور ارزم جنید کو 6 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سزائیں جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث افراد کے حوالے سے دی گئی ہیں اور مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔