ہلاکتیں علاج کی سہولیات نہ ملنے سے ہوئیں،تحصیل چیئرمین اپرکرم ،راستوں کی بندش کیخلاف دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا
پشاور(خصوصی رپورٹ) پاراچنار میں راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا دھرنا چھٹے روز میں داخل ہوگیا،مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹرسیف کاکہنا ہے کہ پارا چنار روڈ کے لیے سپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری دی ہے۔ تفصیل کے مطابق پاراچنار میں ڈھائی ماہ سے راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا۔تحصیل چیئرمین اپرکرم آغا مزمل کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث شہری خوراک و علاج سے محروم ہیں، علاج کی سہولیات نہ ملنے سے 100سے زائد بچے دم توڑ چکے ہیں۔دوسری جانب ڈی سی کرم کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کیلئے گرینڈ امن جرگہ ضلع کرم پہنچ چکاہے۔دریں اثنائراستوں کی بندش کے حوالے سے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارا چنار روڈ کے لیے سپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری دی ہے، حکومتی اقدامات کا مقصد علاقے میں صدی پرانے تنازع کا پائیدار اور مستقل حل ہے۔