لبنان میں جاں بحق ہونے والوں میں 18پیرامیڈکس اور امدادی کارکن شامل،اسرائیل کی دمشق کے مغرب میں المزہ کالونی اور قدسیا میں واقع متعدد عمارتوں کونشانہ بنایا گیا
غزہ/بیروت/دمشق(آئی این پی)غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 42 افراد شہید ہوگئے جبکہ اسرائیل کی دمشق میں بمباری کے نتیجے میں 20 افراد مارے گئے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق نباتیہ میں شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے میں چار پیرامیڈکس سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ بعلبیک شہر کے قریب ایک اور شہری دفاع کے مرکز پر ہونے والے دوسرے حملے میں 12امدادی کارکن مارے گئے۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 24فلسطینی شہید اور 112زخمی ہوئے ہیں۔غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 43 ہزار 736 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تصدیق کی ہے کہ دمشق کے مغرب میں المزہ کالونی اور قدسیا میں واقع متعدد عمارتوں پر بمباری کی گئی ۔اسرائیلی آرمی ریڈیو نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر بتایا کہ اہداف میں دمشق میں فلسطینی اسلامی جہاد موومنٹ کا ہیڈکوارٹرز اور دیگر اثاثے شامل تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی بمباری نے دمشق میں المزہ کالونی کو نشانہ بنایا۔