شیف نے مردہ سانپ نکال کر کھانا بچوں کے سامنے پیش کردیا، مقامی افراد کا سڑک بند کرکے احتجاج
نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں سکول کا کھانا کھا کر 100سے زائد بچے بیمار ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے شہر موکاما میں پیش آیا جہاں ایک سکول میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دیا گیا جس کے کھانے سے بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔اس حوالے سے نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن نے بتایا کہ سکول کے کھانے میں مردہ سانپ پایا گیا جسے کھانا پکانے والے شیف نے نکال پھینکا اور کھانا بچوں کے سامنے پیش کردیا۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے یہ مضر صحت کھانا 500بچوں کو دیا گیا جس میں سے 100سے زائد بچے بیمار ہوگئے، بچوں کے بیمار ہونے پر مقامی افراد نے سڑک بند کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔اس کے علاوہ کمیشن نے بچوں کی صحت سے متعلق ریاستی عہدیداروں سے دو ہفتوں کے اندر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔