مقدونیہ: نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 51افراد ہلاک، 100سے زائد زخمی

 پاپ گروپ ڈی این اے ہفتے و اتوار کی درمیا نی رات پرفارم کر رہا تھا، اس دوران خوف ناک آگ بھڑک اٹھی
 اسکوپئے(آئی این پی )شمالی مقدونیہ کے شہر کوچانی کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 51 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ پنچے توشکوفسکی نے اتوار کی صبح ایک پریس کانفرنس میں ہلاکتوں کا اعلان کیا۔ وزیر انصاف ایگور فلکوف نے کہا ہے کہ اس سانحے میں زخمی ہونے والے 80 سے زائد افراد کو ملک کے دارالحکومت اسکوپئے کے ہسپتالوں اور کلینکس میں منتقل کیا گیا ہے، اور سانحے میں ملوث تمام افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔مقامی میڈیا کے مطابق آگ کوچانی کے پلس نائٹ کلب میں لگی۔ انسٹاگرام اکائونٹ کے مطابق مقدونیہ کا پاپ گروپ ڈی این اے ہفتے و اتوار کی درمیا نی رات کلب میں پرفارم کر رہا تھا، اس دوران خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔