پاراچنارمیں اشیائے خوردونوش کی شدید قلت، ٹماٹر 700روپے کلو ہوگیا

 کرم تنازع کے حل کے لیے فریقین 3ماہ سے زائد عرصے سے بند ٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر متفق 
پاراچنار(آئی این پی) پاراچنار میں ساڑھے 4ماہ سے راستوں کی بندش کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ پاراچنار میں اشیاء کی شدید قلت پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا ۔کراچی میں 40روپے فی کلو میں ملنے والا ٹماٹر پاراچنار میں 700روپے کلو تک جا پہنچا ہے،  اسی طرح دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی 300روپے فی کلو سے تجاوز کرگئی ہیں۔ادھر لوئر کرم میں قبائلیوں کے مطالبات کے حق میں دھرنا اور نقصانات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب کرم تنازع کے حل کے لیے فریقین3ماہ سے زائد عرصے سے بند ٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر متفق ہوگئے۔اپر کرم ذرائع کے مطابق گائوں میں کسی ایک جگہ فریقین کا اسلحہ رکھا جائے، اسلحہ گودام کی ایک چابی انتظامیہ اور دوسری چابی مشرکے پاس ہو، کسی فریق نے زبردستی اسلحہ استعمال کیا تو کمیٹی حکومت کا ساتھ دے گی۔جرگہ ممبر ارشاد بنگش نے کہا کہ امن معاہدے کی شقوں پر عملدرآمد کررہے ہیں لہذا ٹل پارا چنار روڈ کھولا جائے اور حکومت اپنی رٹ قائم کرے، دونوں فریقین ٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر متفق ہیں۔