حضرت عیسی کی جائے پیدائش پر آج قتل کا بازار گرم ہے، پوری دنیا میں جہاں جہاں مسیحی برادری بستی ہے انہیں چاہیے خون کی اس ہولی کو ختم کرائیں:وزیراعظم

 امن کیلئے ملکر کام کرنا چاہیے:شہبازشریف مسیحی برادری قوم کیلئے فخر اور طاقت کا باعث ہے: آرمی چیف

 پاکستان میں مسیحی برادری امن و سکون سے بستی ہے، زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا‘ مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے:وزیراعظم کا کرسمس   کے موقع پر  تقریب سے خطاب
آئیں پاکستان کو قائد کے اصولوں کے مطابق پرامن ملک بنانے کا عزم کریں، مسیحی برادری کا ثقافتی، اقتصادی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ہے:جنرل عاصم منیر کی کرسمس کی تقریب میں گفتگو
 اسلام آباد(آئی  این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  ہمیں معاشرے سے تفریق کو ختم کرنا ہے ،دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو  ملکر کام کرنا چاہیے،حضرت عیسی کی جائے پیدائش پر آج قتل و غارت کا بازار گرم ہے،  دنیا کے مسیحیوں کو چاہیے کہ وہ خون ریزی کو روکنے کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم ہائوس میں کرسمس   کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن پاک میں حضرت عیسی علیہ السلام کا تفصیل سے ذکر موجود ہے، بطور مسلمان ہم انہیں اللہ کا نبی مانتے ہیں، انہیں اللہ پاک نے کئی معجزات سے نوازا تھا، قرآن پاک میں حضرت عیسی کی والدہ حضرت مریم علیہ السلام کا ذکر بھی موجود ہے۔وزیر اعظم نے کہا کرسمس کے موقع پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں  اور دنیا میں ہم سب کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔   انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری امن و سکون سے بستی ہے۔ اور قیام پاکستان سے لے کر آج تک مسیحی برادری کی خدمات نمایاں ہیں۔ زندگی کے تمام شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں معاشرے سے تفریق کو ختم کرنا ہے۔ اور ہمیں ملک میں اقلیتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ آئیں سب مل کر برداشت اور تحمل کے کلچر کو فروغ دیں‘ ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے، ان کا احترام کرنا چاہیے تاکہ وہ بھی خود کو ملک کا برابر کا شہری سمجھیں اور وہ بھی ہمارے ساتھ ملکر پاکستان کی ترقی اور خوش حالی میں حصہ ڈال سکیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہر شعبے میں اپنی خدمات انجام دی ہیں خواہ وہ پاکستان کی جنگیں ہوں، سرکاری اداروں میں فرائض انجام دینے کی بات ہو، یا کوئی دوسرا محاذ، مسیحی برادری نے ہر جگہ بہترین خدمات انجام دی ہیں، فیصل چودھری اور جسٹس کارنیلئس کو کون نہیں جانتا؟ مسیحی برادری کا پاکستان کی ترقی میں کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے  مسیحی برادری قوم کیلئے فخر اور طاقت کا باعث ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آ ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکت کی جہاں مسیحی برادری نے چرچ آمد پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارک باد دی اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے ملکی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی شراکت کا اعتراف کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں۔ پاکستان کو قائد کے تصور کردہ پرامن اور خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کریں، ان کے آزادی، مساوات، مذہبی رواداری کے نظریات چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، تمام شہری اس کے لیے انتھک محنت کریں۔انہوں نے کہا ہے  قائد اعظم کے نظریات علاقائی سالمیت کے تحفظ سے لے کر اندرونی استحکام کو فروغ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں، قائد کی دور اندیش قیادت اور غیر متزلزل عزم نے پاکستان کی تعمیر کی راہ ہموار کی۔