را، دنیا بھر میں کارروائیوں میں ملوث بلوچستان میں خون سے ہولی کھیلو گے تو قیمت دہلی میں ادا کرنا پڑے گی:وزیراعظم آزاد کشمیر

  بھارت کشمیر میں ففتھ جنریشن وار کر رہا ہے،جس اکائونٹ سے پاکستان کیخلاف زہر اگلا جائے اس کے فالوورز بڑھ جاتے ہیں،چودھری انوارالحق
 پاکستان مسئلہ کشمیر کے لیے چٹان کی طرح کھڑا رہے گا، اگر ہم نظریاتی اساس سے ہٹ گئے تو قربانی دینا پڑے گی، کشمیر کانفرنس سے خطاب 
 اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم آزاد کشمیرچودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ ’’ را‘‘ دنیا بھر میں کارروائیوں میں ملوث ہے، بلوچستان میں پاکستانیوں کے خون کی ہولی کھیلو گے تو قیمت دہلی میں چکانا پڑے گی،جس اکائونٹ سے پاکستان کیخلاف زہر اگلا جائے اس کے فالوورز بڑھ جاتے ہیں، بھارت کشمیر میں ففتھ جنریشن وار کر رہا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے لیے چٹان کی طرح کھڑا رہے گا، اگر ہم نظریاتی اساس سے ہٹ گئے تو قربانی دینا پڑے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعظم چودھری انوارالحق نے کہا کہ کشمیر کانفرنس کا انعقاد بہت اہمیت کاحامل ہے۔ آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔ ’’را‘‘ کشمیر اور بلوچستان سمیت دنیا بھر میں کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارتی میڈیا اس کو دنیا بھر میں دکھا رہا ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کے سپہ سالار کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے ہر مشکل وقت میں مسئلہ کشمیر پر مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ پاکستانی عوام کی کشمیر کے سلسلے میں قربانیوں کو نہ ماننا غداری کے برابر ہے ۔ ایل او سی پر خاکی خون میں نہا کر قربانیاں دے رہی ہے۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کو دور کیا جا رہا ہے۔ جس اکائونٹ سے پاکستان کے خلاف زہر اگلا جائے اس کے فالوورز بڑھ جاتے ہیں۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ برطانیہ میں ایک پوسٹ سے مسئلہ ہوا تو اس پر عدالتیں لگیں اور ذمہ داروں کو سزا ہوئی۔ پاکستان کے عوام اور افواج مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے چٹان کی طرح رہیں گی۔ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی دفعہ کشمیر لبریشن سیل میں سیاسی بیروزگاروں کو بھرتی نہیں کیا گیا۔ بیس کیمپ کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے جدوجہد ہے۔ ہم اپنی نظریاتی اساس سے ہٹ جائیں گے تو اس کی ناقابلِ بیان قیمت ادا کرنی پڑے گی۔پاکستان کی جانب سے کشمیر کی حمایت میں کوئی کمی نہیں ہے۔