پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں:صدر

 تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ حکومت تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کیلئے پرعزم ہے:وزیراعظم
    اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے کرسمس کے موقع مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کرسمس پر ہمیں امن، بھائی چارے اور محبت کے پیغام پر غور کرنا چاہیے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمدردی، مہربانی اور حکمت جیسی اقدار کی تبلیغ کی۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کے ملکی ترقی کے لیے مثالی تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حکومت پاکستان تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے  اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔صدرِمملکت نے کہا ہے کہ کرسمس محبت، سخاوت، رحم، اتحاد اور امید کی ترغیب دلاتی ہے، آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ قائداعظم نے ایسے پاکستان کا تصور دیا جہاں تمام مذاہب کے لوگ برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں، قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے تمام شہریوں کے حقوق کی پاسداری ناگزیر ہے