اسلام آباد (آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار لائق تحسین ہے، پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں نے ہمیشہ ملکی استحکام، بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے،قومی معاملات میں اقلیتوں کی شمولیت ہماری جمہوری روایت کا روشن پہلو ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 11 اگست کا دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اس تاریخی خطاب کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے 1947 میں دستور ساز اسمبلی سے کیا۔ اس خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا نسل سے ہو، برابر حقوق رکھتے ہیں اور اپنی مذہبی عبادات و رسومات کے مطابق مکمل آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں