اپر دیر میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے تین روزہ مشترکہ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ایس ایس پی اپر دیر کے مطابق آپریشن میں پولیس، ایلیٹ فورس اور ریپڈ ریسپانس فورس نے حصہ لیا اور یہ کارروائی ہل ٹاپ، دو بانڈو درا، مسالا بانڈا، شاندل باغ، اتن درا، باغ کلے، سنگر اور شندل باغ کے علاقوں میں کی گئی۔ایس ایس پی نے بتایا کہ آپریشن تقریباً 20 مربع کلومیٹر کے علاقے میں 3 روز تک جاری رہا اور اس دوران دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا۔دوسری جانب، آپریشن کے دوران 2 شہری شہید جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے 10 اہلکار زخمی ہوئے۔ حکام نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ایس ایس پی اپر دیر نے کہا کہ اس آپریشن سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور دہشتگردی کے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا جا رہا ہے۔