کراچی: سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے کورنگی میں مشترکہ کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق، یہ کارروائی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان دہشت گردوں کی شناخت انعام اللہ عرف لالا، نعیم اللہ عرف عمر زالی اور محمد طائب عرف محمد کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق، یہ گرفتار دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ تینوں دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔گرفتار دہشت گرد نعیم اللہ عرف عمر زالی 2014 میں فتنہ الخوارج میں شامل ہوا اور حافظ گل بہادر گروپ کا اہم کارکن تھا۔ اس کا والد اور چچا بھی فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر تھے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور آپریشن کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔ وہ عسکری تربیت یافتہ تھا اور وزیرستان میں کئی کارروائیوں میں ملوث رہا تھا۔
انعام اللہ عرف لالا 2017 میں حافظ گل بہادر گروپ میں شامل ہوا اور وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ اس کا بھائی ہدایت اللہ بھی وزیرستان میں گروپ کا متحرک رکن تھا۔ انعام اللہ کراچی میں فتنہ الخوارج کے نیٹ ورک کو منظم کرنے میں سرگرم تھا۔محمد طائب عرف محمد 2023 میں فتنہ الخوارج کے عبدالحمید عرف فکر مند گروپ میں شامل ہوا۔ وہ اپنے بھائی عبدالرزاق کی ہلاکت کے بعد اس گروپ میں شامل ہو کر کراچی میں سہولت کاری کے کام میں مصروف تھا۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔