ویب ڈیسک: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 23 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
یہ کارروائیاں مختلف شہروں میں کی گئیں جن میں لاہور، جہلم، سیالکوٹ، راولپنڈی، گجرات، سرگودھا اور فیصل آباد شامل ہیں۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج کے 7 خطرناک دہشت گرد اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کیے گئے ہیں۔ دہشت گردوں سے لاہور کے ایک اہم تعلیمی ادارے کے نقشے، آئی ای ڈی بم، ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز تار اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔گرفتار دہشت گردوں میں عبدالرزاق، محمد اسماعیل، وجاہت علی، یوسف رضا، نسیم اللہ، نذر اللہ، ابوبکر، طارق، نسیم زمان، اور شاہد نواز شامل ہیں۔
ان دہشت گردوں کا مقصد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے خوف و ہراس پھیلانا تھا۔رواں ہفتے کے دوران 9471 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جس میں 1033 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 21708 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائیاں دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی اور سیکیورٹی کے ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔