کرم میں آپریشن، 23 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد فتنہ الخوارج ہلاک

کرم میں آپریشن، 23 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد فتنہ الخوارج ہلاک

ملک بھر میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد گروہ فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشنز تیزی سے جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ کارروائیوں میں 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملک میں "عزم استحکام" کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں کی جا رہی ہیں۔ ضلع کرم میں خفیہ اطلاعات پر مبنی ان آپریشنز میں، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں انجام دیں۔ محاصرے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ علاقے میں دوسری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گرد، جنہیں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج گروہ سے تعلق رکھنے کا شبہ ہے، ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیوں کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا تاکہ کسی بھی ممکنہ چھپے ہوئے خارجی عناصر کو خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں جاری آپریشنز کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ملک کو محفوظ بنانا اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔