ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہین وطن عزیز کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار ہیں اور قوم ان کی جرات و بہادری پر فخر کرتی ہے۔
وزیراعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل بابر سدھو نے ملاقات کی، جس میں پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور اور دفاعی صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جانبازوں نے دشمن کے جہاز گرا کر اسے کاری ضرب لگائی اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی فضائی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں۔وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے سربراہ اور ان کے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج اور فضائیہ کے جوانوں پر ناز ہے جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ایئر چیف مارشل بابر سدھو نے وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔