اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے پائلٹس نے اپنی جنگی مہارت اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے متعدد جنگی طیارے مار گرائے اور فضائی محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ پوری قوم کا حوصلہ بھی بلند کیا۔یومِ فضائیہ کے موقع پر ملک کے مختلف فضائی اڈوں اور اہم مقامات پر 1965 کی جنگ اور پاک فضائیہ کے شہداء و غازیوں کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا اور معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی۔ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کئی دہائیوں پر محیط فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا۔ یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت اور بہادری کے ساتھ لبیک کہا۔ ستمبر 1965 میں فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا اور اسی جذبے نے شاہینوں کو فضاؤں میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عظیم شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ فضائیہ پر پاکستان ایئر فورس کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں جرأت، شجاعت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید جنگی طیارے مار گرا کر سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا۔ یومِ فضائیہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور حب الوطنی کے جذبے کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاکستان ایئر فورس کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ 7 ستمبر 1965 پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔ اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی شجاعت پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔محسن نقوی کے مطابق ایم ایم عالم نے مختصر وقت میں دشمن کے 5 طیارے تباہ کرکے تاریخی کارنامہ انجام دیا، جس پر پوری قوم کو پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر فخر ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں، جبکہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبۂ دفاع اور حب الوطنی قابلِ تقلید ہے۔یومِ فضائیہ کے موقع پر قوم پاک فضائیہ کے ان تمام شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطن کی آزادی، خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔