یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) میں کرپشن ثابت ہونے پر 10 اہلکاروں کو سزا سنادی گئی۔
ایف آئی اے میرپور خاص نے 2024 میں کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے فنڈز میں سے 56 لاکھ 97 ہزار 133 روپے کی خورد برد کی۔ملزمان میں دلاور خان، علی دینو، بہامرو، امیر بخش، فیض محمد، غلام علی، خبدار علی، مشتاق علی، صبح خان اور مٹہو خان شامل ہیں۔ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران خورد برد شدہ پوری رقم 56 لاکھ 97 ہزار 133 روپے ملزمان سے برآمد کر کے یو ایس سی ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرادی۔
کیس کی سماعت اسپیشل جج سنٹرل حیدرآباد اشوک کمار دودیجا نے کی اور فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو سزا دی، ساتھ ہی فی کس 2 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مقدمے کی پیروی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل سلمیٰ بگھیو نے کی جبکہ تفتیشی کارروائی سب انسپکٹر جہانگیر مصطفیٰ نے انجام دی۔