شہر میں چینی کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی نہ آ سکی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر مکمل قلت

شہر میں چینی کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی نہ آ سکی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر مکمل قلت

ویب ڈیسک : شہر بھر کی اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں تاحال عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔

 موجودہ صورتحال کے مطابق چینی 165 سے 170 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے، جبکہ گزشتہ چند ہفتوں سے قیمتوں میں کسی خاطر خواہ کمی کا رجحان دیکھنے میں نہیں آیا۔دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز، جو حکومت کی جانب سے عوام کو سبسڈی پر اشیاء فراہم کرنے کا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں، ان پر چینی مکمل طور پر غائب ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مہینوں سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔متعدد شہریوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ چینی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی چینی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مہنگی اوپن مارکیٹ سے چینی خریدنا پڑتی ہے، جو ان کے محدود بجٹ پر اضافی بوجھ ڈالتی ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقدامات کرے تاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور اس کی قیمت اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں کم رکھی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔عوامی مطالبے کے پیش نظر یہ توقع کی جا رہی ہے کہ متعلقہ حکام جلد اس مسئلے پر نوٹس لیں گے اور سبسڈی اسکیموں کو مؤثر انداز میں بحال کیا جائے گا۔