ویب ڈیسک: برطانیہ کے جزیرے آئل آف وائٹ میں ایک تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر ہولناک حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر سینڈاؤن ایئرپورٹ سے صبح 9 بجے تربیتی مشق کے لیے روانہ ہوا تھا۔ فلائٹ آپریٹر کمپنی "نارتھمبریا ہیلی کاپٹرز" نے تصدیق کی کہ پرواز میں مجموعی طور پر 4 افراد سوار تھے جن میں پائلٹ بھی شامل تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ پرواز کے صرف 24 منٹ بعد ہی ہیلی کاپٹر شینکلن کے علاقے میں ایک سڑک کے قریب کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر قریبی سڑک کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا۔
زخمی مسافر کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ تاہم، برطانیہ کی ائیر ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن برانچ (AAIB) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ماہرین کو جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا ہے تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔