بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 5 یاتریوں سمیت 6 افراد ہلاک

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 5 یاتریوں سمیت 6 افراد ہلاک

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک اور افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا ہے، جہاں 5 یاتریوں سمیت 6 افراد کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثہ اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں جوشی مٹھ کے قریب ایک گاؤں کے نزدیک پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر میں 5 یاتریوں کے علاوہ ایک پائلٹ بھی سوار تھا، تاہم حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے بعد متعلقہ حکام کو فوری اقدامات اور امدادی کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی متوقع ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر نے جمعے کی دوپہر ہندوؤں کے مقدس مذہبی مقام بدری ناتھ سے پرواز بھری تھی۔ تاہم اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہیلی کاپٹر کا رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی۔ بعد ازاں ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے اور تمام مسافروں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش اور حدِ نگاہ کم ہونے کی صورتحال تھی، جس کے باعث فضائی سفر متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے حادثے کی حتمی وجہ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں مذہبی مقامات کی یاترا کے دوران ہیلی کاپٹر حادثات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔ جون 2025ء میں کیدارناتھ کے قریب یاتریوں کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اسی طرح اکتوبر 2022ء میں بھی یاترا کے راستے پر ایک اور ہیلی کاپٹر حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔