یونان میں جنگلات کی خوفناک آگ بجھانے کی کارروائی اس وقت سانحے میں بدل گئی جب فضائی آپریشن میں حصہ لینے والے دو فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ دارالحکومت ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں پیش آیا، جہاں متعدد ہیلی کاپٹر آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے۔ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز دوسرے ہیلی کاپٹر کے نچلے حصے سے ٹکرا گیا، جس کے بعد وہ آگ کی لپیٹ میں آ کر زمین پر گر گیا۔رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والا ایک پائلٹ اور یونان کی فائر سروس کا ایک افسر شامل ہیں، جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں سوار عملہ محفوظ رہا اور انہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔فائر سروس کے شعبۂ مواصلات کے سربراہ کے مطابق زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم طبی عملہ انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔حادثے کے بعد حکام نے احتیاطی طور پر آگ بجھانے والے تمام ہیلی کاپٹروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب سینکڑوں فائر فائٹرز ایتھنز کے مغربی علاقوں میں پھیلنے والی جنگلاتی آگ کو رہائشی آبادیوں تک پہنچنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔یونانی وزیراعظم نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میں ایک یونانی فائر سروس اہلکار اور ایک ڈنمارک کا پائلٹ شامل ہے۔اس افسوسناک واقعے کے بعد رواں ہفتے یونان میں جنگلات کی آگ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل کریٹ اور پیلوپونیز میں آگ بجھانے کی کارروائیوں کے دوران تین فائر فائٹرز جان کی بازی ہار چکے تھے۔