قوم کا شہداء کو سلام، کیپٹن محمد علی قریشی شہید کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

قوم کا شہداء کو سلام، کیپٹن محمد علی قریشی شہید کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔

 آج پاک فوج کے بہادر افسر کیپٹن محمد علی قریشی شہید کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔کیپٹن محمد علی قریشی شہید کا تعلق ضلع لاہور سے تھا۔ وہ اکتوبر 2018 میں پاکستان آرمی میں کمیشنڈ آفیسر بنے اور اپنے کیریئر کے دوران پانچ سال سے زائد عرصے تک وطنِ عزیز کے دفاع کا فریضہ انجام دیتے رہے۔29 سالہ کیپٹن محمد علی قریشی نے 26 اگست 2024 کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے اپنی بہادری اور عزم کے ذریعے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے اور اپنی جان وطن پر قربان کر دی۔

شہید کے والدین، اہلِ خانہ اور ساتھیوں نے ان کی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ کیپٹن محمد علی قریشی شہید کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی، ان کا نام ہمیشہ بہادری، ایثار اور وطن سے محبت کی علامت رہے گا۔پاک فوج کے ترجمان نے بھی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور ان کی لازوال جدوجہد ہی پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔قوم کیپٹن محمد علی قریشی شہید سمیت تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔