یومِ شہدائے پولیس: شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو قوم کا سلام، وزیراعظم

یومِ شہدائے پولیس: شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو قوم کا سلام، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم ان جانباز افسران اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کے امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور غیر متزلزل عزم، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی ناقابلِ فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے ان غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی بے لوث خدمات اور قربانیوں نے آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، پُرامن اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی۔انہوں نے شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ انہیں معیاری تعلیم، بہترین طبی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کی فراہمی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کو اپنی قومی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے ہر ممکن وسائل اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ استعداد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر قانون کی بالادستی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے مکمل خاتمے، اور شہداء کی عظیم قربانیوں کے شایانِ شان ایک پُرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جائے۔