رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس کے 12 جوانوں کی پہلی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
آئی جی پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ:
"فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ گزشتہ سال آج ہی کے دن کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ہمارے 12 بہادر اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پولیس کی یہ لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔"انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک پولیس کا آپریشن بھرپور طاقت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔
پولیس ترجمان کے مطابق شہداء میں شامل ہیں:
ہیڈ کانسٹیبل نذر عباس
کانسٹیبل محمد عمران
کانسٹیبل اجے رام
کانسٹیبل بیرم رام
کانسٹیبل راشد محمود
کانسٹیبل محمد ساجد
کانسٹیبل زاہد حسین
کانسٹیبل انس ستار
کانسٹیبل عبداللہ بن مظہر
کانسٹیبل محمد احمد
کانسٹیبل راجا کنول
لانگری محمد منیر
پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں قیامِ امن کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔