پنجاب: بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات پر پنجاب پولیس ہائی الرٹ

پنجاب: بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات پر پنجاب پولیس ہائی الرٹ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر کی پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے پولیس ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ ریسکیو آپریشنز میں بھرپور کردار ادا کریں، متاثرہ آبادیوں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایا جائے۔قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، مظفرگڑھ اور ملتان سمیت سیلابی خدشات والے اضلاع میں پولیس کو ہمہ وقت مستعد رہنے اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں، ریلیف کیمپس قائم کیے جائیں اور متاثرہ افراد کو قیام و طعام، ادویات اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

 انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کی ہدایت کی۔مزید برآں آئی جی پنجاب نے ضلعی حکومت اور ریسکیو اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا تاکہ متاثرہ آبادیوں کے بروقت انخلا اور امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ دریا کنارے آباد دیہاتوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ بڑھائی جائے جبکہ دریائی چیک پوسٹوں پر کڑی نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔