لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں دریاؤں کی تازہ صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے چناب کے خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خانکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح قادر آباد میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے، جس کے باعث دونوں مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے مرالہ، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام جبکہ دریائے سندھ کے تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی صورتحال فی الحال نارمل ہے۔ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک جاری رہنے والی متوقع مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وارننگ جاری کی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں شدید بارشوں کی صورت میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔انہوں نے بتایا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موسم اور سیلابی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔