کے پی، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر،دیگر علاقوں کے متاثرین کو فوری ریلیف کی ضرورت ہے
سپیکر قومی اسمبلی نے نوجوانوں سے سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی
اسلام آباد(آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور ہے ۔ مخیر حضرات، فلاحی اداروں، سول سوسائٹی متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔اپنے ایک بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہاکہ مخیر حضرات اور سول سوسائٹی حکومت کی امدادی کوششوں میں تعاون کریں۔ من حیث القوم سیلاب متاثرین کی بحالی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔کے پی، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں کے متاثرین کو فوری ریلیف کی ضرورت ہے۔مخیر حضرات متاثرین کی بحالی اور گھروں کی تعمیر نو کیلئے دل کھول کر مدد کریں۔سردار ایاز صادق نے نوجوانوں سے سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ نوجوان رضاکار بن کر متاثرین کی بحالی، خوراک اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے قومی جذبے، ایثار اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔ان کا کہناتھا کہ یہ وقت یکجہتی اور ہمدردی کا ہے، متاثرین کو احساس دلائیں کہ وہ اکیلے نہیں، مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہمارا قومی فریضہ ہے۔