اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے وفاقی وزیر اور وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین ثنااللہ مستی خیل کی زیر صدارت ہوا۔چیئرمین کمیٹی ثنااللہ مستی خیل کا اجلاس میںاظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا اگست کا مہینہ مقدس مہینہ ہے، عوام متحد ہیں، سب نے مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، ملک سب سے پہلے ہے، سیاست بعد میں ہوتی رہے گی۔ان کا کہنا تھا راناثنا اللہ کے ساتھ میرا بہت پیار والا تعلق ہے، میں ان کی بھائیوں کی طرح عزت کرتا ہوں، رانا ثنا اللہ کمیٹی میں نہیں آتے، اگلی بار رانا ثنا اللہ نہ آئے تو کمیٹی اجلاس نہیں ہو گا۔کمیٹی ممبران نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر اگلے اجلاس میں رانا ثنا اللہ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔