144 کلو گرام چرس پتھریلی چٹانوں میں چھپائی گئی تھی،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے منشیات کے بین الصوبائی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق 4 نومبر 2025 کو اے این ایف پولیس اسٹیشن ریجنل ڈائریکٹوریٹ خیبر پختونخواہ کو مصدقہ انٹیلی جنس اطلاع موصول ہوئی کہ منشیات کی ایک بڑی کھیپ ڈسٹرکٹ خیبر کے ایک پہاڑی علاقے میں چھپائی گئی ہے اطلاع ملتے ہی اے این ایف کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈمپنگ سائٹ پر چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران پتھریلی چٹانوں میں چھپائی گئی 144 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی اطلاعات کے مطابق یہ منشیات باڑہ کے بدنام زمانہ ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزر (ڈی ٹی او) کی ملکیت تھیں، جو آفریدی قبیلے کے مشہور منشیات اسمگلروں پر مشتمل نیٹ ورک سے تعلق رکھتا ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ منشیات کو رات کی تاریکی میں پنجاب اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ تاہم اے این ایف کی بروقت اور موثر کارروائی نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ مزید تفتیش جاری ہیاے این ایف ترجمان کے مطابق فورس کی ایسی فوری اور مربوط کارروائیاں منشیات سے پاک پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔