قومی مفادات پر حملے کرنیوالے پاک جاپان سفارتی تعلقات پر بھی حملہ آور ہوگئے: عظمیٰ بخاری

جاپان کے سرکاری دورے میں شامل ارکان کے سوا دیگر سب نے اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کئے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب

لاہور(سپیشل رپورٹر وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قومی مفادات پر حملے کرنیوالے ’پاک جاپان‘ سفارتی تعلقات پر بھی حملہ آور ہوگئے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جاپان کا دورہ کرنے والے وفد کے ارکان سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی لسٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا  25 سال بعد اور پہلی بار خاتون وزیراعلیٰ کے دورہ جاپان کے خلاف شرمناک مہم ملک دشمنی کی انتہا ہے، سوشل میڈیا پرگردش کرنے والی فہرست میں دیئے گئے نام جاپان کا دورہ کرنے والے وفد میں شامل نہیں۔
انہوں نے کہا  سرکاری دورے میں شامل ارکان کے سوا دیگر سب نے اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کئے، جاپان سے پاکستان کے تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز پر جھوٹ کے پجاریوں کو بہت تکلیف ہے جبکہ ہر محب وطن اس پر خوش ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ انہیں تکلیف ہے کہ جاپان کی شہری ترقی، ٹیکنالوجی اورنوجوانوں کی ہنرمندی کے منصوبے شروع کرنے کی طرف پیش رفت کیوں ہو رہی ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جلنے والوں کا منہ کالا ہی ہوتا رہے گا۔