پاکستان کیساتھ دوستی آہنی پاک امریکہ تعلقات سے ہمارے مفادات کو کوئی نقصان نہیں ہوگا چینی وزارت خارجہ

پاکستان کی امریکہ کو دکھائی گئی جن معدنیات کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ چین کے کسی منصوبے سے منسلک نہیں ہیں‘ایسی  غلط  خبریں پھیلائی جا رہی ہیں
پاکستان اور چین ایک دوسرے کے سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں‘ہماری آہنی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے:ترجمان کی پریس بریفنگ
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے ایک بار پھر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے دوست ملک نے یقین دلایا ہے امریکہ کے ساتھ تعلقات سے ہمارے مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے معمول کی پریس بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کے بقول پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے  امریکہ کے ساتھ تعلقات یا ممکنہ معدنیاتی تعاون سے چین کے مفادات، سٹریٹیجک اعتماد اور دوطرفہ شراکت داری کو کسی صورت متاثر نہیں ہوگی‘انھوں نے حال ہی میں گردش کرنے والی اْن میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو ایسے معدنیاتی یا ریئر ارتھ نمونے دکھائے جو چین کے حساس منصوبوں یا مفادات سے متعلق ہوسکتے ہیں۔چین کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ رپورٹس پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ ایسی خبریں یا تو غلط معلومات پر مبنی ہیں یا جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہیں تاکہ پاکستان اور چین کے درمیان بداعتمادی پیدا کی جائے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا  پاکستان کی امریکہ کو دکھائی گئی جن معدنیات کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ چین کے کسی منصوبے سے منسلک نہیں ہیں۔ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔ہماری آہنی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔