درست سیاسی و سفارتی حکمت عملی کے باعث پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ایران اور امریکہ کے درمیان سیز فائر میں پاکستان کا مثبت اور موثر کردار ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ الحمدللہ آج دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، درست سیاسی و سفارتی حکمت عملی کے باعث پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک مخصوص ٹولہ اس کامیابی پر بھی ناخوش ہے، جو ہر مثبت پیش رفت کو متنازع بنانے کی کوشش کرتا ہے، عوام کو دیکھنا چاہیے کہ کون عناصر پاکستان کی ہر کامیابی سے ناخوش ہو کر منفی رویہ اختیار کرتے ہیں۔