ہنگو: ایف سی قلعے پر حملہ‘ 3 اہلکار شہید، 17 زخمی،جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک

 بہادرجانوں نے جان دے کر بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، وفاقی وزیر داخلہ کا شہید  3 جوانوں کو  خراج عقیدت 
پشاور،اسلام آباد(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے دو آبہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے قلعے پر فتنۃ الخوارج کے حملے میں 3 اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے جبکہ خارجیوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خارجی ہلاک ہوگئے ۔۔ایس پی آپریشنز اسد زبیر کے مطابق دوآبہ کے علاقے طورہ وڑی میں فیڈرل کانسٹیبلری قلعے پر حملہ کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید اور 17 زخمی ہوئے۔ ڈی پی او کے مطابق خارجیوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خارجی ہلاک ہوگئے، سہولت کار دہشت گردوں کے ساتھ ملا ہوا تھا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نے فتن الخوارج کے حملے میں شہید فیڈرل ریزرو پولیس کے 3 جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے واضح کیا کہ بہادرجوانوں نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، شہید جوانوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی