خیبرپختونخوا کے علاقے درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس سے ایس پی اور اہلکار شہید ہو گئے
بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم افراد نے تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے مزدوروں کو اغوا ء کیا‘ کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی
لکی مروت‘پشاور‘کوئٹہ(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارج ہلاک اور 5 شدید زخمی کر دیئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر لکی مروت کے علاقے وانڈہ شیخ اللہ میں کی گئی، سکیورٹی فورسز کی نہایت عسکری مہارت سے کی گئی کارروائی میں خوارج کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکا۔خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو میں یکے بعد دیگر دو دھماکوں کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے ہنگو کے علاقے غلمینا میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑایا تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر جا رہے تھے تو درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق دھماکے میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔دریں اثناء بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا جبکہ کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ صوبہ میں ایک ہفتے کے دوران اغوا ہونے والے مزدوروں کی تعداد 27 ہو گئی ہے