مودی اسرائیلی پالیسی اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو غزہ میں تبدیل کر رہے ہیں: عرفان صدیقی

مودی اسرائیلی پالیسی اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو غزہ میں تبدیل کر رہے ہیں: عرفان صدیقی

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی پالیسی پر چلتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کو فلسطین اور غزہ جیسی صورتِ حال میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارت اب دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں رہا، بلکہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے لیے سب سے بڑی قتل گاہ بن چکا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور جبر کے وہی حربے آزما رہی ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں روا رکھے ہیں۔عرفان صدیقی نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی کسی بھی کوشش کا شدید ردعمل سامنے آئے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے دریاؤں کا گلا گھونٹنے کے لیے کسی بھی رکاوٹ یا ڈیم کی پہلی اینٹ پر پاکستان کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، اور یہ ردعمل کسی اعلانِ جنگ سے کم نہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے پانیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔