پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں خبریں بے بنیاد ہیں:عرفان صدیقی

پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں خبریں بے بنیاد ہیں:عرفان صدیقی

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کنویئر عرفان صدیقی نے میڈیا میں زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں حکومتی کمیٹی نے ابھی تک کوئی موقف تیار نہیں کیا۔

 ایکس پر اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے وضاحت کی کہ حکومتی کمیٹی میں شامل سات جماعتیں باہمی مشاورت کر رہی ہیں اور حتمی جواب تیار کرنے میں ایک ہفتہ مزید لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آئی خبر بے بنیاد ہے۔یہ بیان اُس وقت آیا جب کچھ دیر قبل میڈیا رپورٹس میں یہ کہا گیا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے مطالبات پر جواب تیار کر لیا ہے اور 9 مئی 2023 کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جا سکتا، کیونکہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے چالان پیش ہو چکے ہیں اور کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں سمجھتی اور مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے تحریری جواب چوتھے دور میں پی ٹی آئی کو دیا جائے گا۔