ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کے آئینی حقوق سلب کرکے ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں و بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔
بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی
محسن نقوی نے کہا کہ مودی سرکار نے دباؤ، جبر اور طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت، آزادی اور جمہوری حقوق چھین لیے۔وادی میں ظلم و ستم، ماورائے عدالت قتل، میڈیا بلیک آؤٹ اور طویل کرفیو نے مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق کا قبرستان بنا دیا ہے۔
آبادیاتی جارحیت اور عالمی برادری کی بے حسی
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے نئے ڈومیسائل قانون کے تحت لاکھوں ہندو باشندوں کو وادی میں لا کر بسایا، جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنا ہے۔انہوں نے عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بحران انسانی ضمیر اور اقوامِ عالم کے دعوؤں کا امتحان ہے۔
خطے کے امن کو خطرات
محسن نقوی نے خبردار کیا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور جنوبی ایشیا کو بڑے تصادم کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔
کشمیری عوام کی قربانیاں اور پاکستان کا عزم
انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری عوام ظلم و جبر کے باوجود حوصلے اور عزم سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔محسن نقوی نے اعادہ کیا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔