روزاریو میں کھیلے گئے 2026 ساؤتھ امریکن گیمز کے ویمنز انڈر 20 فٹبال فائنل میں وینزویلا نے چلی کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
فائنل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا، جبکہ دوسرے ہاف کے آغاز میں چلی نے برتری حاصل کرلی اور میچ کے بیشتر حصے میں اپنی برتری برقرار رکھی۔تاہم انجری ٹائم میں چلی کے کھلاڑی کے باکس کے اندر ہینڈ بال کے باعث وینزویلا کو پنالٹی مل گئی۔ کارلا الفونزو نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے مقابلہ برابر کردیا، جس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا۔وینزویلا کی گول کیپر ویلریا ریبانالیس نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی اور وینزویلا نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
تاہم میچ کے اختتام کے فوراً بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آخری سیٹی کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی، جو بعد ازاں ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔حکام نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کو الگ کیا اور صورتحال پر قابو پالیا۔