وادی سوات سے تعلق رکھنے والی تائیکوانڈو کھلاڑی عائشہ ایاز نے حال ہی میں قلعہ بالاحصار میں فرنٹیئر کور نارتھ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میجر جنرل انجم ریاض، آئی جی ایف سی نارتھ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر عائشہ ایاز اور ان کے والد نے ان کی شاندار کھیل کی خدمات پر خراج تحسین حاصل کیا۔ آئی جی ایف سی نارتھ نے عائشہ ایاز کی بین الاقوامی سطح پر کامیاب کارکردگی پر انہیں سراہا اور خصوصی انعام سے نوازا۔اس موقع پر، آئی جی ایف سی نارتھ نے عائشہ ایاز کو تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کے لیے سپانسرشپ دینے کا اعلان کیا۔ فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے عائشہ ایاز کو 2024 میں سنگاپور میں ہونے والی تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کے لیے سپانسر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس پر عائشہ ایاز نے فرنٹیئر کور نارتھ کا شکریہ ادا کیا۔
عائشہ ایاز کی ابتدائی زندگی میں تائیکوانڈو کی تربیت کا آغاز تین سال کی عمر میں ہوا تھا اور آٹھ سال کی عمر میں انہوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنا ڈیبیو کیا۔ 2019 میں دبئی میں ہونے والی الفجائرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں عائشہ ایاز نے پاکستان کے لیے برونز میڈل حاصل کیا تھا، جبکہ 2020 میں انہوں نے دبئی میں ہونے والی تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا۔ ان کی کامیاب کیریئر نے نہ صرف پاکستان بلکہ سوات کا نام بھی روشن کیا ہے۔