اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان کے جیولن تھرو کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ان کی کارکردگی سے سبز ہلالی پرچم کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ارشد ندیم کو آئندہ بھی اسی طرح کامیابیوں سے نوازے اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرے۔
فائنل مقابلے کی تفصیلات:
جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی کی، دوسری میں 76.80 میٹر، تیسری تھرو میں 85.57 میٹر جبکہ چوتھی تھرو میں 83.99 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اپنی آخری اور فیصلہ کن تھرو میں انہوں نے 86.40 میٹر کی تھرو کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ پاکستان کے ہی یاسر سلطان نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی تھرو میں 70.53 میٹر، دوسری میں 75.39 میٹر اور تیسری کوشش میں 75.50 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ارشد ندیم کی اس شاندار کامیابی نے نہ صرف کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا وقار بلند کیا بلکہ نوجوان نسل کے لیے محنت اور مستقل مزاجی کی بہترین مثال بھی قائم کی ہے۔